چوہدری خالد ایم پی اے

یوسی سموٹ کے گاوں کاہلیاں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں مرحوم چوپدری خالد ایم پی اے جیسی شخصیت نے جنم لیا ۔ چوہدری خالد مرحوم کو میں ذاتی طور پر نہیں جانتا ، نہ کبھی ان سے گفتگو کا موقع ملا لیکن اپنے پرائے سبھی کو ان کی خدمات کا اعتراف کرتے دیکھا۔ انکا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔ انکا حلقہ انتخاب سابقہ پی پی 7 ہوا کرتا تھا جو غالبا کہوٹہ اور گوجرخان کے درمیانی پٹی کے طور پر شاید سموٹ سے شروع ہو کر سہالہ اسلام آباد تک جاتا تھا۔ اتنے طویل علاقے پر مشتعمل ہونے کے باوجود میں نے اُن دنوںسہالہ سے تعلق رکھنے والے اپنے ایک کلاس فیلو کی زبانی چوہدری خالد کی تعریف سنی ۔ آج بھی اگر آپ کاہلیاں سہالیاں کے پہاڑی علاقے میں جائیں یا بناہل ٗ کھڈ ٗ نلہ مسلماناں ٗ سہر کے علاقوں کی سیر کریں تو آپ کو علم ہو گا کہ ان پہاڑوں پر سڑکوں کی تعمیر اور یہاں بجلی کی سہولت کئی عشرے قبل چوہدری خالد مرحوم کے ذریعے ممکن ہوئی تھی ۔ گوجرخان سے جن دنوں چوہدری ریاض ایم پی اے ہوا کرتے تھے ان دنوں بھڈانہ سکول میں دو اٖضافی کمروں کی تعمیر سے متعلق چوہدری خالد مرحوم کے نام کی تختی دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کیونکہ یہ علاقہ ان کا حلقہ انتخاب نہ تھا۔ بیول پل کی تعمیر بھی ان کی مرہون منت ہے ۔ خدمت کی سیاست کا وہ عملی نمونہ تھے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان نے بھی کلر سیداں میں چوہدری خالد مرحوم کا تذکرہ اچھے الفاظ میں کیا۔ آج بھی چوہدری خالد کے چاہنے والے ان کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لئے جاتے ہیں۔ گزشتہ روز منیجر نیشنل بنک بیول راجہ عبدالجبار بھٹی نے کاہلیاں میں چوہدری خالد مرحوم کی قبر کی نشاندہی کی اور دوستوں کی ہمراہ فاتحہ خوانی کی۔ اگر کسی دوست کے پاس چوہدری خالد کی تصویر ہوا یا ان کے ترقیاتی کاموں کی کوئی تفصیل ہو تو شیئر کریں ۔ شکریہ

Back To Top